آکلینڈ ( سپورٹس ڈیسک) بھارت نے لوکیش راہل اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی20 میچ میں باآسانی 7وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اوپنرز نے 48رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 132رنز ہی بنا سکی۔ 133 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں ٹم ساؤدھی نے اپنی ٹیم کو ابتدا میں ہی روہت شرما کی قیمتی وکٹ دلا کر کچھ آس دلائی جبکہ 39 کے مجموعی سکور پر کوہلی کی اننگز بھی صرف 11 رنز پر تمام ہوئی۔اس مرحلے پر لوکیش راہل وکٹ پر ڈٹ گئے اور انہوں نے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 57رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 15 گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا ۔لوکیش راہل کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔