کراچی( سٹاف رپورٹر، این این آئی)سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے پاکستانی سید اریب احمد کو آہوں اور سسکیوں کے دوران سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا، اس موقع پر ہرآنکھ اشکبار تھی۔ شہید کا جسد خاکی پیرکی صبح غیرملکی پرواز سے کراچی پہنچا، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل،وزیربلدیات سعیدغنی،میئر کراچی وسیم جسد خاکی وصول کرنے کے لیے ایئرپورٹ پرموجود تھے ۔ ایئرپورٹ سے سیداریب احمد کے جسد خاکی کو دستگیرکے علاقے میں گھر منتقل کیا گیا،جہاں سنگم گراونڈ میں اریب کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔گورنرسندھ نے کہااریب کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اریب کی فیملی کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے ۔ میئر کراچی وسیم اخترنے شہریوں کی جانب سے سید اریب کے تابوت پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اریب کے پڑوسی نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ اریب اچھا بچہ تھا ہمارے سامنے بڑا ہوا، وہ ماں باپ کا ایک ہی سہارا تھا،ایک چھوٹی بہن ہے ، اریب کی شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں۔خیال رہے اریب نے حال ہی میں چارٹرڈ اکائونٹنٹ کے طور پر اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور اس کے بعد بہتر مستقبل کی تلاش میں نیوزی لینڈ روانہ ہو اتھا۔