آکلینڈ ( سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ کے نمائندے گریگ بارکلے کوا نٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کا نیا چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔گریگ بارکلے اس سال عہدہ چھوڑنے والے ششانک منوہرکی جگہ آئی سی سی چیئرمین بنے ہیں۔آئی سی سی کی چیئرمین شپ کا عہدہ سنبھالے سے قبل بارکلے نیوزی لینڈ کرکٹ کا عہدہ چھوڑدیں گے ۔ خیال رہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر رواں برس جولائی میں اپنے عہدے سے الگ ہو گئے تھے ۔ واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر ششانک منوہر کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کے دو مرتبہ دو برس کی مدت کے لیے چیئرمین رہے ہیں۔ گریگ بارکلے نے منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی چیئرمین بننا میرے لیے باعث فخر ہے ، کرکٹ کو آگے لے جانے کے لیے ان تھک محنت کریں گے ۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کو اگلے تین برسوں میں اپنے اہم مقابلے ہر حال میں منعقد کرانے ہوں گے ، ورنہ کھیل کو سنگین مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔