کرائسٹ چرچ(صباح نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں پیش آنے والے اندوہناک سانحہ میں شہید ہونے والے اردن کے شہری کی ماں بیٹے کی جدائی کا غم برداشت نہ کرسکیں اوردل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 38 سالہ کامل درویش کی تدفین میں شرکت کیلئے ان کی 64 سالہ والدہ نیوزی لینڈ پہنچی تھیں لیکن نماز جنازہ سے قبل ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔اردن کے سفارتخانے نے مساجد حملے میں شہید ہونے والے فلسطینی نژاد اردنی شہری کامل درویش کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی ہے ۔کامل درویش کی والدہ کی میت کو اردن منتقل کرنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ کامل درویش چھ ماہ قبل ہی نیوزی لینڈ آئے تھے ۔دریں اثنا عرب ٹی وی کے مطابق کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں نمازیوں کوشہید کرنے والا دہشتگرد مسجد سے متصل بچوں کے ایک نرسنگ مرکز کو بھی نشانہ بنانا چاہتا تھا تاہم پولیس کے ہاتھوں پکڑے جانے کے باعث وہ ناکام رہا۔ النور مسجد سے متصل النور چلڈرن نرسنگ کیئرسنٹر میں کئی بچے موجود تھے ۔د ہشتگردی کے واقعے کے بعد وہ سکول بند ہے ۔