کراچی (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی ان دنوں روس کے سرکاری دورے پرہیں،انہوں نے روس کے شہرکالننگراڈ میں بالٹک فلیٹ ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا اوربالٹک فلیٹ کمانڈروائس ایڈمرل الیگزینڈرنوسٹاٹو سے ملاقات کی۔ ہیڈ کوارٹرزآمد پروائس ایڈمرل الیگزینڈرنوسٹاٹو نے انکا استقبال کیا اورروایتی گارڈزنے اعزازی سلامی دی ،اس موقع پرباہمی دلچسپی کے مختلف اموربشمول میری ٹائم سیکیورٹی اوراستحکام،بحری قزاقی کی بیخ کنی،منشیات اسمگلنگ کی روک تھام اورآپریشنل صلاحیتوں میں اضافے پرتبادلہ خیال کیا گیا،بالٹک فلیٹ کے کمانڈرنے پاک بحریہ کے سربراہ کو بالٹک فلیٹ کے آپریشنزسے متعلق بریف کیا۔ بعد ازاں ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے میرین کورخمیلوکس کا دورہ کیا اورحربی ہتھیاروں کا مظاہرہ دیکھا،نیول چیف نے روسی بحریہ کے جہاز’’بوئی کی‘‘ کا بھی دورہ کیا،جہاں کمانڈ نگ آفیسرنے نیول چیف کو بریفینگ دی،پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک میں بالعموم اوربحری افواج کے مابین باہمی تعلقات میں وسعت واستحکام کا باعث ہوگا۔