اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے برطانیہ کے سرکاری دورہ کے دوران برطانوی وائس چیف آف ڈیفنس سٹاف، کمانڈرآپریشنزرائل نیوی، کمانڈنٹ رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز(RCDS) کے اساتذہ و طلبہ سے خطاب کیا، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے برطانوی تھنک ٹینک کا دورہ کیا اور رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ (RUSI) سے بات چیت بھی کی۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے وائس چیف آف ڈیفنس سٹاف ایڈمرل ٹیموتھ فریزر، کمانڈر آپریشنز رائل نیوی رئیر ایڈمرل سائمن ایسکویتھ سے وزارت دفاع میں الگ الگ ملاقاتیں کیں اور بلگریویہ لندن میں کالج آف ڈیفنس میں رئیر ایڈمرل جان کنگ ویل سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران میری ٹائم سکیورٹی، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں دو طرفہ بحری تعاون بھی شامل ہے ۔ برطانوی نیول چیف نے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کی تعریف کی اور بحری اشتراک کے مختلف شعبوں میں روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ نیول چیف نے آر سی ایس ڈی کے دورے کے دوران اساتذہ و طلبہ سے ورلڈ آرڈر کے عنوان پر خطاب کیااور سمندری حدود میں مسائل سے نمٹنے پر خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ایڈمرل نے آر یو ایس آئی کا دورہ کیا جس میں ڈائریکٹر جنرل آر یو ایس آئی ڈاکٹر کیرن وان ہیپل سے ملاقات کی اور آر یو ایس آئی میں’’ جنوبی ایشیا میں سکیورٹی ڈائنیمکس اور پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی‘‘پر خطاب کیاا ور تھنک ٹینک کے دانشوروں اور میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کی۔