لاہور؍اسلام آباد؍کراچی (اپنے نیوز رپورٹر سے ؍نامہ نگار خصوصی؍نامہ نگار؍سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بعد انکے بیٹے حمزہ شہباز کے گرد بھی نیب کا گھیرا تنگ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے غیر قانونی اثاثوں اور رمضان شوگر ملز کے کیس میں شہباز شریف کے ساتھ حمزہ شہباز کو بھی نامزدکرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور رمضان شوگر ملز کا ریفرنس رواں ماہ کے آخر میں دائر کئے جانے کا امکان ہے ۔نیب نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب شیخ ظفر اقبال کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ شیخ ظفر اقبال کے پاس 62 سے زیادہ جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنی مدت ملازمت میں 43 جائیدادیں خریدیں جبکہ 12 تحفہ میں ملیں۔ شیخ ظفر اقبال کی جائیداد کی مالیت اربوں روپے میں ہے جبکہ ان کی بیرون ملک جائیداد کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ شیخ ظفر اقبال کی فلور ملز، رائس ملز، پٹرول پمپس اور سی این جی سٹیشنز بھی ہیں۔نیب لاہورنے گجرات پولیس فنڈز کرپشن کیس میں سابق ڈی پی او گجرات کامران ممتاز کو گرفتار کرلیا۔ نیب ترجمان کے مطابق ملزم کامران ممتاز 2015 اور 2016 میں بطور ڈی پی او گجرات تعینات رہے ، ملزم کی تعیناتی کے دوران پولیس فنڈز میں مجموعی طور پر 55 کروڑ روپے کی خردبرد کی گئی۔آن لائن ٹریڈ کے نام پر لوگوں کے 9کروڑ روپے لوٹنے کے کیس میں احتساب عدالت نے ملزم غلام مصطفیٰ کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔احتساب عدالت کراچی نے سابق چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن و دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس میں شریک ملزم مفرور ایوب کی گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔عدالت نے بتایا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ احتساب عدالت نے این آئی سی ایل کیس پر سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔نیب گرفتاری سے بچنے کیلئے ایکسز گلوبل لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اور ایم ڈی حماد نظیر نے ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔