اسلام آباد،کراچی (این این آئی،صباح نیوز)پاک بحریہ کی افریقی ممالک میں بحری سفارتکاری جاری ہے ، دو جہازوں معاون اور اصلت نے نائیجیریا کا دورہ کیا جہاں میزبان بحریہ نے پرتپاک استقبال کیا ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے جہازوں نے لاگوس میں میڈیکل کیمپ کا انعقادکیا جس میں ہزاروں افراد کو علاج، آپریشنز اور ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ترجمان نے بتایاکہ نائیجیرین عوام نے پاک بحریہ کے خیرسگالی کے اس اقدام کو بڑے پیمانے پر سراہا اور پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس دورے میں مشن کمانڈر نے نائیجیرین حکام سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا اورنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے نائیجیرین حکام کو آگاہ کیاگیا۔ دوسری جانب پاک بحریہ کے زیر انتظام 61 واں گوادر ڈے جوش و جذبے سے منایا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یوم گوادر کی مناسبت سے 3 روزہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ،پرچم کشائی کی مرکزی تقریب پاک بحریہ کے یونٹ پی این ایس اکرم میں منعقد ہوئی۔کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق تقریب کے مہمان خصوصی تھے ،3 روزہ تقریبات میں بوٹ ریلیز، دوستانہ فٹ بال میچ اور پاک میرینز کی خصوصی ڈرل شامل تھی ۔ مقامی افراد اور معززین کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش وخروش سے ان تقریبات میں شرکت کی جبکہ گوادر ڈے کی مناسبت سے مفت میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا۔ میڈیکل کیمپ میں مقامی افراد کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔