نیویارک(ندیم منظور سلہری سے)نیویارک سمیت امریکہ کی دیگر ریاستوں میں پرتشدد اور ہیٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ کے بعد خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے ۔امریکی ریاست فلاڈلفیا میں سیاہ فام کے قتل کیخلاف مظاہروں کے بعد کرفیو لگا دیا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مہم ویب سائٹ پر سائبر حملہ کیا گیا ہے۔نیویارک کے علاقہ مین ہیٹن میں سابق مئیر اور صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل روڈی جولیانی کی قیادت میں ٹرمپ کے حق میں کار ریلی نکلی گئی ،کاروں پر ٹرمپ مخالف افراد نے انڈے اور بوتلیں پھینکیں جس سے کئی افراد زخمی اور قیمتی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔روڈی جولیانی جس کار پر سوار تھے ایک شخص نے انہیں مکا مارنے کی کوشش کی،نیویارک پولیس نے کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔امریکی صدارتی انتخابات میں 24کروڑ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے اب تک تقریباً 7کروڑ رائے دہندگان اپنا ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔ جو 2016 کے صدارتی انتخابات کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہیں۔دریں اثناامریکی ریاست پینسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں سیاہ فام شخص والٹر ویلیس جونیئر کی پولیس فائرنگ سے ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہرے جاری ہیں، احتجاج کے دوران جھڑپوں میں 30 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ 90 مظاہرین کوگرفتار کرلیا گیا ۔ ،گورنر نے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے نیشنل گارڈ کی تعیناتی کا اعلان کردیا۔