اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوزایجنسیاں ) پاکستان کیوی کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ کرانے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت سامنے لے آیا۔ وفاقی وزیر اطلاعا ت فواد چودھری نے کہا ہے نیوزی لینڈ کو فیک آئی ڈی کے ذریعے دھمکیوں بھرے پیغامات بھارت سے بھیجے گئے ، مہمان ٹیم کو دھمکیاں دینے کیلئے احسان اللہ احسان کا جعلی فیس بک اکاؤنٹ استعمال کیا گیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو دی جانے والی دھمکیوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، احسان اللہ احسان نامی جعلی فیس بک اکائونٹ سے نیوزی لینڈ کو دورہ پاکستان سے روکنے کی دھمکی دی گئی، یہ جعلی آئی ڈی بھارت سے جنریٹ ہوئی،سنڈے گارڈین نے نیوزی لینڈ ٹیم کے دورے کیخلاف دھمکی آمیز آرٹیکل لکھا، نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو بھی دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو جو بھی دھمکیاں دی گئیں ان کا منبع بھارت تھا، نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرانے کا مقصد پاکستان کو شرمندہ کرنا تھا، بھارت جتنی مرضی کوشش کرلے ، اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، آئی سی سی نیوزی لینڈ اور دوسری ٹیموں کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ملنے والی دھمکیوں کا نوٹس لے ، پی سی بی اور حکومت نیوزی لینڈ کے دورے کی منسوخی پر رد عمل دیں گے ، تمام بین الاقوامی کرکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو اس مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑے ہوئے ۔ پاکستان کو ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار اور میڈیا وار کا سامنا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے دورہ منسوخی کے حوالے سے کچھ حقائق پیش کرتے ہوئے کہا 19 اگست 2021ئکو احسان اللہ احسان کے نام سے جعلی فیس بک آئی ڈی سے پوسٹ کی گئی جس میں کہا گیا ،نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کی حکومت کرکٹ ٹیم کو پاکستان نہ بھیجے ، کیونکہ سکیورٹی صورتحال پاکستان میں بہتر نہیں ۔ داعش پاکستان میں بڑے ٹارگٹ کی تلاش میں ہے لہذا یہ ٹارگٹ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی ہو سکتا ہے ۔ پہلی پوسٹ 19 اگست کو فیس بک پر آئی، 21 اگست کو بھارتی اخبار سنڈے گارڈین کے بیورو چیف ابی نندن مشرا نے آرٹیکل شائع کیا جس میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں دہشتگرد حملے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ یہ آرٹیکل احسان اللہ احسان کی فیک پوسٹ کی بنیاد پر لکھا گیا۔ابی نندن مشرا کے بہت مضبوط لنک امر اللہ صالح سے ملتے ہیں ، 24 اگست 2021ئکو نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو تحریک لبیک کی آئی ڈی سے دھمکی آمیز ای میل جاتی ہے جس میں کہا جاتا ہے مارٹن گپٹل کو پاکستان میں قتل کر دیا جائے گا۔پروٹون میل پر یہ ای میل آئی ڈی 24 اگست 2021ئکو رات ایک بجکر پانچ منٹ پر بنائی گئی، صبح 11 بجکر 59 منٹ پر اس ای میل سے مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ای میل کی گئی، اس ای میل اکائونٹ سے ابتک صرف ایک ہی ای میل جنریٹ ہوئی۔ یہ ای میل آئی ڈی پروٹون میل پر بنائی گئی جو سیکور میل سروس ہے ، اس کی تفصیلات دستیاب نہیں ہوتیں، ہم نے انٹرپول سے درخواست کی ہے وہ اس ای میل آئی ڈی کی تفصیلات ہمیں فراہم کرے ۔ 18 ستمبرکو انٹرپول ولنگٹن نے انٹرپول اسلام آباد کو حمزہ آفریدی کے نام سے پوسٹ کے بارے میں بتایا جو نیوزی لینڈ کے وقت کے مطابق 6 بجکر 25 منٹ اور پاکستان کے وقت کے مطابق 17 ستمبر کو رات 11 بجکر 25 منٹ پر کی گئی جس میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو دھمکی دی گئی کہ انہوں نے دورہ کر کے غلطی کی ہے ۔اس ای میل کا جائزہ لیا گیا تو یہ آئی ڈی بنانے کے 15 منٹ کے بعد اس سے ایک ای میل بھیجی گئی۔ جب ہم نے اس ای میل کی تحقیقات کیں تو یہ ای میل بھارت سے تعلق رکھنے والی ایک ڈیوائس سے بھیجی گئی جس میں وی پی این کا استعمال کر کے مقام تبدیل کر کے سنگاپور کر دیا گیا، جس ڈیوائس سے یہ ای میل بھیجی گئی اس پر 13 مزید آئی ڈیز ہیں جو تمام ہندی ناموں پر مشتمل ہیں، صرف ایک نام حمزہ آفریدی ان سے مختلف تھا جو یہ ظاہر کرنے کیلئے بنایا گیا کہ ای میل پاکستان سے جنریٹ ہوئی تاکہ پاکستان میں دہشتگردی کے خطرے کو ظاہر کیا جا سکے ۔ ای میل کیلئے استعمال کی جانے والی موبائل ڈیوائس اگست 2019ئمیں بھارت میں لانچ ہوئی، موبائل سم 25 ستمبر 2019ئکو اوم پرکاش مشرا کے نام پر رجسٹرڈ ہوئی۔ اوم پرکاش مشرا نے ممبئی سے حمزہ آفریدی کی فیک آئی ڈی استعمال کی۔مقدمہ درج کرکے ایف آئی اے حکام انٹرپول سے رابطہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم بھی دسمبر میں پاکستان کے دورہ پر آ رہی ہے ، ابھی سے ہی ایک تھریٹ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو دیا گیا ، اس تھریٹ میں بھی احسان اللہ احسان کے نام سے آئی ڈی استعمال کی گئی ۔اس آئی ڈی میں احسان اللہ کے بعد احشان لکھا ہے اس سے بھارت میں بولی جانے والی زبان کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ بدقسمتی سے یہ صرف پاکستان کیخلاف مہم نہیں بلکہ عالمی سطح پر کی جانے والی سازش ہے ۔ نیوزی لینڈ حکومت سے کہہ رہے ہیں جو تھریٹ جاری ہوا ، ہم سے شیئر کریں، ہم پی ٹی وی کو ہونے والے نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں، قانونی ٹیم نے اجازت دی تو ہم یہ معاملہ اٹھائیں گے ۔ برطانیہ نے دورہ منسوخ کرنے کیلئے کھلاڑیوں کی تھکاوٹ کا بہانہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا مایوسی کفر ہے ، ایک وقت آئے گا جب دنیا بھر کی ٹیمیں پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کریں گی۔ بھارت ایسا تاثر دے رہا ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ختم ہوگئی، وہ میڈیا کے ذریعے جعلی خبریں پھیلا رہا ہے اور بہت جلد منہ کی کھائے گا۔ آنے والے دن پاکستان کے ہیں ۔ جو سمجھتے ہیں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے واپس جانے سے پاکستان تنہا ہو جائے گا وہ غلطی پر ہیں۔ اب آسٹریلیا کو بھی ایک جعلی تھریٹ ای میل مل جائے گی۔