لاہور (سپیشل رپورٹر ) پتنگ کی قاتل ڈور نے ایک اور شہر ی کی جان لے لی ، مغلپورہ ساہواڑی کے محمد عامر نے اپنے بے بس بھائی اور با پ کے سامنے تڑ پ تڑپ کر جان دے دی ، مغل پور ہ پل میں 35 سالہ عامر تیز ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا ، مقتول عامر کینٹ میں نجی ہوٹل میں بطور منیجر کام کرتا تھا اور کام کی غرض سے مغل پورہ سے صدر کی طرف جانب جارہا تھا، مقتول کا بھائی اور والد دوسری موٹر سائیکل پر ساتھ جارہے تھے ، ڈور پھرنے سے عامر علی شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے مغلپورہ میں ڈور پھرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے غفلت کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی کا حکم بھی دے دیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مغل پورہ مدثر اﷲ خان کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا پتنگ بازی کے واقعات پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے خود بھی مختلف علاقوں میں پتنگ بازی ایکٹ پر پابندی کی چیکنگ کی اور کہا تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز پتنگ ساز کارخانوں، فروخت کرنے اور اڑانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ بعد ازاں پولیس متحرک ہوگئی اور مختلف علاقوں میں پتنگ باز وں اور پتنگ سازوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ، نولکھا ،مصطفی ٹائون ، رائے ونڈ ، گرین ٹائون،ہنجروال ، فیکڑی ایر یا ، شفیق آباد ،فیصل ٹاون ، باغبانپورہ اور دیگر تھانوں میں کائٹ فلائٹ ایکٹ کے تحت ، 179 پتنگ باز گرفتار اور176 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ۔ملزمان سے 600 سے زائد پتنگیں ، 16چرخیاں،122 پنی ڈور اور20 ڈورگچھیاں برآمد کر لی گئی ۔