وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں پنجاب بھر میں نئے کالج ،یونیورسٹیاں اور ہسپتال شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری اور صوبہ بھر میں اربوں روپے کے نئے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈ جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں توانائی بچانے اور توانائی کے نئے ذرائع پیداکر نے کے ساتھ ساتھ توانائی کے جدید ذرا ئع کو کام میں لانے کی ضرورت ہے۔ نئے کالج ‘یونیورسٹیاں اور ہسپتال شمسی توانائی پر منتقل ہونے سے کم از کم 45فیصد تک بچت ہوگی اور بچت کے ان وسائل کو انہی کالجوں ،یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کی تعمیر و ترقی پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر توانائی آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں صوبہ بھر کے دارالامان، پناہ گاہوں،سرکاری رہائش گاہوں اور 20مزارات کو سولر پر منتقل کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ اس میں شبہ نہیں کہ بڑھتی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تعلیم اور صحت کے شعبے حکومت کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اورکالجوں،یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لئے وسائل کی کمی کا سامنا ہے، لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ شمسی توانائی کے دائرہ کو مزید شعبوں تک پھیلایا جائے تاکہ بچت کے مزید ذرائع پیدا کیے جا سکیں ۔