کراچی(این این آئی،نیٹ نیوز) پی ٹی آئی ایم این اے کیپٹن (ر)جمیل احمد نے دھمکیاں دینے اور رقم واپس نہ کرنے پر 2 ملازم بھائیوں پر مقدمہ درج کرادیا ۔ مقدمہ ملازم اشرف اور اس کے بھائی افضل کے خلاف ایم این اے کو دھمکیاں دینے اور دھوکہ دہی کرنے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔مدعی نے بتایا کہ جنوری میں اشرف شادی کا بہانہ بناکر ایم این اے سے 15ہزار روپے تنخواہ اور10ہزار روپے ادھار لیکر گیا اور جب رابطہ کیا گیا تو اس نے ادھار کی رقم واپس کرنے ، واپس آنے سے منع کردیا، ملزم کے بھائی محمد افضل نے فون پر ایم این اے کو دھمکیاں دیں اور گالم گلوچ بھی کی۔دوسری جانب ملزمان کے والد ین کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے افضل کو کیپٹن (ر) جمیل نے جھوٹی ایف آئی آر درج کرواکر بند کر ایا ،جمیل احمد ظالم آدمی ہے ۔اُدھر رکن قومی اسمبلی اور ملازم اشرف کے درمیان مبینہ گفتگو کی آڈیو آگئی جس میں جمیل اشرف سے پوچھ رہے ہیں کہ تم 15 دن کا کہہ کر کیوں واپس نہیں آئے حالانکہ تمہیں ایڈوانس بھی دیا گیا،اس پر اشرف بتاتا ہے کہ فی الحال واپس آنے کا ارادہ نہیں، جمیل احمد کہتے ہیں کہ اگر تم بتاتے تو میں پہلے والا کُک نہ نکالتا، میں تم پر اور تمہارے باپ پر ایف آئی آر کٹواتا ہوں ،اس دوران اشرف، رکن قومی اسمبلی کو ایزی پیسہ کے ذریعے رقم واپس لوٹانے کا بھی کہتا ہے لیکن جمیل احمد نہیں مانے اور اشرف کو گالیاں ، دھمکی دیتے رہے ۔