اسلام آباد(قاسم نواز عباسی)مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف سمیت چھ بڑے اورسینئر رہنمائوں کیخلاف قومی احتساب بیورو( نیب) میں نئے کیسز تیار کر لئے گئے اور عید کے بعد نیب کی جانب سے انکی گرفتاریوں کا قوی امکان ہے ۔نیب ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنمائوں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کے چھ سینئر ترین رہنمائوں میاں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی،احسن اقبال،رانا ثنااللہ، امیر مقام اور جاوید لطیف کیخلاف نیب نے اہم شواہد اکٹھے کر لئے ۔ نئے کیسز میں ان شخصیات کے اہلخانہ کے نام بھی شامل ہیں جن کیخلاف بھی نیب کارروائی کریگا۔ شہباز شریف کیخلاف نیب لاہور اور نیب ملتان میں آمدن سے زائداثاثہ جات سمیت دو کیسز تیار ہو چکے ۔ نیب کا دعویٰ ہے کہ شہباز شریف اور اہلخانہ کیخلاف ٹھوس شواہد بھی حاصل کر لئے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور انکے اہلخانہ کیخلاف دس مختلف کیسز میں اہم شواہد اکٹھے کر لئے ۔ نیب عید کے بعد شاہدخاقان کو گرفتار کر سکتا ہے ۔ رانا ثنائاللہ بھی نیب کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔ نیب لاہور نے رانا ثنائاللہ کیخلاف آمدن سے زاہد اثاثوں کی چھان بین مکمل کر لی اور اہم شواہد بھی حاصل کر لئے ۔ ن لیگی رہنما میاں جاوید لطیف کیخلاف بھی نیب میں کیس تیار ہو چکا اور کسی بھی وقت انکے وارنٹ گرفتاری جاری ہو سکتے ہیں۔احسن اقبال کیخلاف غیرقانونی بھرتیوں کی تحقیقات جاری ہے ۔ نیب کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کیخلاف شواہد موجود ہیں۔امیر مقام کیخلاف بھی آمدن سے زاہد اثاثہ جات کے سلسلہ میں نیب خیبر پختونخوا میں کیس تیار اورٹھوس شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں۔