اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل، اسلام آباد وقف پراپرٹیز بل، پاکستان میڈیکل کمیشن بل اور پاکستان میڈیکل ٹربیونل بل کی منظوری دیدی ہے ۔ترجمان ایوان صدر کے مطابق ان بلز کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظوری دی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی تعداد 6 سے بڑھ کر9ہو جائے گی۔اسلام آباد وقف پراپرٹیز بل کے تحت اسلام آباد کے علاقوں میں وقف شدہ جائیدادوں کے بہتر انتظام کیلئے اقدامات کئے جائینگے ۔ پاکستان میڈیکل کمیشن بل کے تحت طب کے شعبے کو ریگولیٹ کرنے اور میڈیکل کی تعلیم میں یکساں معیار کے نفاذ میں مدد ملے گی،ادارہ میڈیسن اور دندان سازی کے شعبے میں ٹریننگ اور تعلیمی قابلیت کے معیار کو بہتر بنائے گا۔ پاکستان میڈیکل ٹربیونل بل کے تحت خصوصی جوڈیشل ٹربیونل قائم کیا جائے گا،خصوصی جوڈیشل ٹربیونل طب اور صحت کے شعبے سے متعلق تنازعات جلد نمٹائے گا۔