لاہور (خصوصی نمائندہ،نامہ نگار)وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدا ر نے کہا کہ سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا،نئے پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنائیں گے ،عوامی خدمت کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور ڈویژن کے اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ فرداً فرداً ہر رکن اسمبلی کی نشست پر گئے اور مصافحہ کیا۔ ملاقات کے دوران بہاولپور ڈویژن کی ترقی، عوام کی خوشحالی کے منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔اراکین ا سمبلی نے نامساعد معاشی حالات کے باوجود عوام دوست اور بہترین بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو مبارکباد دی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اراکین اسمبلی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا لیکن اب تحریک انصاف کی حکومت نے دور دراز علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے ۔’’نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام ‘‘کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں۔بہاولپور ڈویژن میں اس پروگرام کے تحت اراکین اسمبلی کی نشاندہی پر دیہی علاقوں میں کارپٹڈسڑکیں بنائی جائیں گی۔بہاولپور میں اسلامیہ یونیورسٹی او روٹرنری یونیورسٹی کے لئے وائس چانسلرز کا تقرر جلد کیا جا رہاہے ۔اراکین اسمبلی کی عزت و احترام میں کمی نہیں آنے دیں گے ۔چولستان ،تھل اور ڈیرہ غازی خان و راجن پور کے قبائلی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے لئے سولر پینلز فراہم کرنے کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔جنوری تک صوبے کے مختلف علاقوں میں 115نئے اراضی سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔دور دراز علاقوں کے لئے 26موبائل اراضی سنٹرز بھی فراہم کئے جا رہے ہیں،اسی طرح پنجاب حکومت2ہزار سپیشلسٹ ڈاکٹرز بھرتی کر رہی ہے تاکہ ان ڈاکٹرز کی بھرتی سے دوردراز علاقوں کے ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی دور کی جا سکے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سابق دور میں رحیم یار خان اوربہاولنگرمیں سیوریج نظام کی ناقص تعمیر کے حوالے سے اراکین اسمبلی کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا کہا۔انہوں نے شیخ زاید ہسپتال رحیم یار خان کے بورڈ آ ف گورنرز کی تشکیل فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی اور بہاولنگر اور رحیم یار خان میں محکمہ آبپاشی کے حوالے سے شکایات کا فوری ازالہ کرنے کا حکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ لیاقت پور کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ٹراما سنٹر بنایا جائے گا۔بعدازاں انہوں نے صحافی دانیال راٹھور کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔ ادھر انہوں نے ملتان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث دیواریں اور چھتیں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔دوسری طرف وزیراعلیٰ سے سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے ملاقات کی،کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اپنی تصانیف ''قطرہ قطرہ زندگی''، ''حاصل لا حاصل'' پیش کیں، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی طرف سے سی ٹی او لاہور کو ادبی تخلیقات پر مبارکباددی۔