لاہور،اسلام آباد،پشاور ،کوئٹہ،کراچی(اپنے رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر،نامہ نگار،وقائع نگار،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) قوم 75 واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائیگی۔ وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کو گرین پاکستان ڈے قرار دیتے ہوئے قوم سے پودے لگانے کی اپیل کردی۔رات 12بجتے ہی لاہور،اسلام آباد،کراچی،کوئٹہ،پشاور،گلگت بلتستان سمیت ملک بھرمیں آزادی کاجشن منانے کاسلسلہ شروع ہوگیا،بڑی تعدادمیں شہری سڑکوں پرنکل آئے ،کراچی اورکوئٹہ میں آتشبازی،لبرٹی چوک لاہورمیں لیزرلائٹ شوہوا۔آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے ۔ یوم آزادی پر ایوان صدر میں پرچم کشائی کی مرکزی جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی تقاریب ہونگی۔ وفاقی دارالحکومت میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ صبح 8:58بجے سائرن بجائے جائیں گے جس کے بعدتمام ٹریفک رک جائے گی ،ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس کا مقصد تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدو جہد میں جام شہادت نوش پانے والے غیوربزرگوں، بھائیوں، غازیوں اور جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا ہے ۔مزارقائدؒ اور مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی اور دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیاجائے گا، واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب ہوگی۔اہم حکومتی شخصیات شہداکی یادگاروں پر حاضری دیں گی۔ تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارات کو برقی قمقموں، سبز ہلال پرچموں، رنگ برنگی جھنڈیوں، جھنڈوں، تحریک پاکستان کے ہیروزکے قدآدم پورٹریٹس، فلیکس سائنز سے خوبصورتی سے سجا یا گیا ۔پنجاب پولیس، محکمہ جیل خانہ جات، سول ڈیفنس، قومی رضاکاران اور ریسکیو 1122کے دستے مارچ پاسٹ کریں گے ۔صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہادنیا کو تعریف کرنا ہو گی کہ پاکستان نے انفرادی طور پر دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ لڑی اوراس عفریت کو شکست دی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاہم نے ایک متحد،پرامن اور پرعزم قوم کی حیثیت سے ابھرنے کے لئے کٹھن چیلنجز عبور کئے ، پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں۔ سپیکر اسد قیصر ، قاسم سوری،فرخ حبیب ، عمران اسماعیل، شاہ فرمان نے کہاآج عہد کرناکہ ملکی ترقی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا14اگست کوپودا لگا کراپنی تصاویراپنے علاقوں کے واٹس نمبر پر شیئر کریں۔گورنر پنجاب چودھری سرور اوروزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاقائد اعظم کے فرمودات کو مشعل راہ بناکر ہم پاکستان کو عظیم اسلامی مملکت بناسکتے ہیں۔ چودھری شجاعت، پرویزالٰہی ، مونس الٰہی، بلاول بھٹواور ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تمام مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کے قیام اور آئین کی پاسداری میں پنہاں ہے ۔لاہور کے مختلف علاقوں میں سبز ہلالی پرچموں ، جھنڈیوں ، بیجز،ٹوپیوں، چشموں ، ٹی شرٹس کی خریداری عروج پر رہی۔لاہورمیں 55 اہم پوائنٹس پر 99 ڈولفن و پی آر یو کی ٹیمیں مامور کی گئی ہیں۔سٹی ٹریفک پولیس نے بھی ون ویلرز ، ریسنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کیخلاف 54 سپیشل سکواڈ تعینات کر دئیے ۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا11 مقامات پر جیل وینز بھی موجود ہوں گی، 9 ڈی ایس پیز، 80 انسپکٹر ڈیوٹی کرینگے ۔ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ساجد کیانی نے کہاہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، لاؤڈ سپیکر کے استعمال اور ون ویلنگ پر سخت ایکشن ہوگا۔