لاہور(کامرس رپورٹر،خصوصی نمائندہ) گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ بیوروکر یسی کے مل کرکام کر نے سے کسی بھی چیلنج سے سالوں، مہینوں نہیں دنوں میں نمٹا جا سکتا ہے ،بیوروکریسی انصاف پر مبنی فیصلے کرے گی توان کو کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں،ہم نے تمام اداروں کو سیاسی مداخلت سے مکمل طور پر پاک کر دیا ، میرٹ اور شفافیت حکومت کی اولین تر جیح ہے ۔ گورنر پنجاب سول سروس اکیڈمی میں پی اے ایس کے 42 ویں سیپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ، اس موقع پر ڈی جی سول سروسز کیڈمی سہیل عامر،سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن اعجاز منیر،پر نسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب ڈاکٹر راشد منصور سمیت دیگر بھی موجود تھے ،گور نر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا پہلے دن سے ہی یہ وژن ہے کہ ہم نے عام آدمی کی زندگی کو بدلنا ہے جس کے لیے عوام کو صحت اور تعلیم سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔علاوہ ازیں گورنر پنجاب نے رائس ایکسپورٹر زایسوس ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی چاول کی کوالٹی دنیا میں مانی جاتی ہے ۔ٹاپ 20 ممالک میں شامل ہونے کے لیے انڈسٹری اور زراعت کے شعبہ میں ترقی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں کم ہوں گی تو بزنس میں آسانی ہوگی۔ تقریب میں رائس ایکسپورٹرز میں شیلڈز تقسیم کی گئیں ۔