اوکاڑہ، محمدنگر،ایمن آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار)ٹریفک حادثات کے دوران سسر،بہو سمیت 7افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ اوکاڑہ چک 31 ٹو آرکے رہائشی دو بھائی فیصل یونس اور واجد مسیح سڑک پر جارہے تھے کہ مسافر بس نے دونوں کو روند دیا جس کے نتیجے میں 6سالہ فیصل یونس موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا 16سالہ بھائی واجد مسیح شدید زخمی ہوگیا ۔ گاؤں جسوکے شیلر کے قریب موٹرسائیکلیں ٹکرانے سے جاوید اقبال، کینٹ ٹول پلازہ کے قریب حادثہ میں رکشہ سوار 6سالہ ناز یہ جاں بحق ہوگئی جبکہ 4افراد زخمی ہوگئے ۔ محمدنگر میں کار بس سے ٹکرا نے سے محمدیاسر اور محمدمحسن موقع پر جاں بحق ،عدنان اور محمد ابرارشدیدزخمی ہوگئے ۔ایمن آباد میں واہنڈو کا50 سالہ امیرعلی اپنی بہو نجمہ بی بی اور پوتے 3سالہ فرحان کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ ٹریکٹر ٹرالی کے ساتھ ٹکرانے سے امیر علی اور اس کی بہو نجمہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ،جبکہ اسکی پوتی صائمہ اور پوتا فرحان زخمی ہوگئے ۔