اسلام آباد،دبئی(سپیشل رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ، نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کا عمل جاری ہے اور اس میں پاکستان کو کامیابی مل رہی ہے ۔گزشتہ روز عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کو انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان محاذ آرائی اورفوجی تصادم روکنے کیلئے بھر پور کردار ادا کیا۔سعودی ایرانی تنازع پر ہم امن کی کوششوں میں کا میاب رہے ،اس حوالے سے ہماری کوششیں بارآورثابت ہوئیں۔ پاکستان کی طرف سے امریکہ کی درخواست پر کی جانیوالی سعودی عرب اور ایران میں ثالثی کاعمل سست ضرور ہے لیکن بند نہیں ہوا،اس میں بہتری آرہی ہے ۔ دبئی سے ملنے والی رپورٹس کے مطابق مکمل انٹرویو کل نشر کیا جائیگا۔علاوہ ازیں افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کرکے افغان امن عمل کے آخری مرحلہ پر تبادلہ خیال کیا۔اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے افغان صدر کو امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار سے متعلق آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن اہمیت کا حامل ہے ۔امید ہے امریکہ اور طالبان امن معاہدہ پر عملدر آمدجبکہ انٹرا افغان بات چیت کا جلد آغاز ہوگا۔ دونو ں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی جبکہ کورونا وائرس کی صورتحال پربھی بات چیت کی۔ عمران خان نے افغانستان میں کورونا سے انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور امید کا اظہار کیا کہ کورونا پر کامیابی سے قابو پا لیا جائیگا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف ادارہ جاتی میکنزمز کا حوالہ دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا اور کہا کہ ہم افغانستان،پاکستان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سالیڈیریٹی کے جلد اگلے اجلاس کے خواہاں ہیں۔علاوہ ازیں خبر ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں گندم کی دستیابی کی صورتحال اور اسکی قیمت کو قابو میں رکھنے کیلئے اقدامات کے بارے میں جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں ملک بھر میں گندم کی دستیابی کی صورتحال اور نرخوں کا جائزہ لیا گیا۔