پشاور(سٹاف رپورٹر) قصہ خوانی کباڑی بازار میں پولیس کانسٹیبل دکاندار کی شکایت پر شہری کو گھسیٹتے ہوئے تھانے لے گیا ، شہری کی حمایت میں آنے والے دوست پر لاتوں اور مکوں کی بارش کردی ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ، پولیس حکام کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ، تھانہ خان رازق پولیس کے مطابق قصہ خوانی کباڑی بازار کے دکاندار نے پولیس کو شکایت درج کی کہ دو مشتبہ افراد بازار میں رش لگارہے ہیں جس پر مقامی پولیس نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس کانسٹیبل خالد کو موقع پر بھیجا ، جہاں شہری کو حراست میں لے کر تھانے لایا گیا ، دوسری جانب پولیس اہلکار کی شہری کو گھسیٹ کر تھانے لانے کی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائیڈ پر وائرل ہوگئی ، بازار میں لگے کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار ایک شہری کو گریباں سے پکڑ کر گھسیٹ رہا ہے تاہم اس دوران شہری کا دوست درمیان میں آجاتا ہے جس کو پولیس اہلکار لاتیں اور مکے رسید کر تا ہے ، واقعہ کے بعد بازار کے دکاندار جمع ہوگئے ، تاہم پولیس کی جانب سے کانسٹیبل کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔