کراچی،کوٹری (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ اورسندھ رینجرز نے جامشورو میں مشترکہ آپریشن کرکے کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے 5 کارندوں کو گرفتارکرلیا۔گرفتاردہشت گردوں میں 2 مبینہ خودکش حملہ آوربھی شامل ہیں۔گرفتاردہشت گردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹیں ، ڈیٹونیٹر ، 8 میٹرپرائماکارڈ،6 دستی بم ،3 سب مشین گنیں،2 نائن نائن ایم ایم پستول، 2 پولیس یونیفارم ،پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کا نقشہ ،موبائل فونزاورسی ڈیز برآمد کر لی گئیں۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتاردہشت گرد ٹریننگ سینٹرسعید آباد پرخودکش حملہ کرنا چاہتے تھے ۔حملے کے لیے دہشت گردوں نے ریکی بھی کررکھی تھی۔گرفتار دہشت گردوں نے 2018 کے دوران سوات میں پاک آرمی والی بال میچ کے دوران خودکش حملہ کیا تھا جس میں ایک کیپٹن سمیت 11 جوان شہید ہوئے جبکہ 2019 میں داتا دربار لاہور میں خودکش حملے میں ملوث تھے جس میں دس افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے اسکے علاوہ پشاور میں ججز کالونی میں خودکش حملہ کیا گیا تھا تاہم اسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا تھا جبکہ کچلاک بلوچستان میں آرمی اور ایف سی کی گاڑیوں پر خودکش حملے کئے جس میں 7 اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوگئے تھے مذکورہ دہشت گردوں نے دیر میں امن لشکر کے امیر ملک معتبر خان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ گزشتہ دو سالوں میں لواڑ گئی۔ لنڈی کوتل۔ ایف سی کیمپ۔ سنگوٹھہ پولیس سٹیشن سوات اور جمرود کے کئی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر حملے کرچکے ہیں۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد اورسندھ رینجرزکے کرنل شبیر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اورسندھ رینجرزنے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرجام شورومیں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے 5دہشت گردوں شیراز اکبرعرف حمزہ ولد شفیع اکبر،لیاقت علی عرف حذیفہ ولد سرزمین ،میرویس عرف شام عرف تندر ولد عبدالمنان ،عامرخان عرف عمر ولد فضل حق،نگارعلی عرف زید ولدمستونگ خان کوگرفتارکرلیا۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار2 دہشت گرد عامرخان عرف عمراورنگارعلی عرف زید خودکش بمبارہیں۔ دریں اثنا کراچی میں ضلع ملیرکی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان باجوڑی گروپ کے مبینہ دہشت گرد عثمان عرف عرفان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا۔سال 2020 میں گرفتار دہشتگرد نے ہجرت اللہ عرف مجلس عرف جٹ کو کراچی میں بھاری رقوم دینے کا انکشاف کیا۔تفتیش جاری ہے مزید انکشافات اور گرفتاریوں متوقع ہیں۔