لاہور(کلچرل رپورٹر)فیشن انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے فیشن ڈیزائنر عنا علی خان کی بیٹی کے حوالے سے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ان کی کرونا کے مریضوں پر توجہ دے اور عنا علی کی بیٹی کو بھی بہتر سہولیات فراہم کرے ۔عنا علی کے آڈیو بیان نے پنجاب حکومت کی جانب سے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لندن سے فلائٹ کے دوران بیٹی کو کرونا کا شک ہوا تو از خود لیبارٹری ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا، اس دوران لیبارٹری نے ٹیسٹ مثبت آنے ہونے پرحکومتی اداروں کو اطلاع دی۔عنا علی کا کہنا تھا کہ 2 گھنٹے بعد ایمبولینس آئی اور گنگارام ہسپتال لے جا کر پھر 2 گھنٹے انتظار کرایا اور ہسپتال والوں نے کہا کہ ان کے پاس کرونا کا بندوبست نہیں، اس کے بعد ڈیفنس کے ہسپتال بھجواکر پھرایمبولینس میں ڈیڑھ گھنٹے انتظارکرایا گیا پھر ڈاکٹروں نے کہا آپ پڑھی لکھی ہیں گھرجائیں اور دھیان رکھیں لہذا بیٹی کو گھر لاکر ایک کمرے تک محدود کردیا۔