واشنگٹن (نیٹ نیوز) وائٹ ہاؤس کورونا ٹاسک فورس کے اہم رکن ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کو قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق 79 سالہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کے گھر کے باہر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔امریکی مارشلز کو ڈاکٹر فاؤچی کو سیکورٹی فراہم کرنے کا حکمنامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ واشنگٹن ڈی سی پولیس نے بھی فاؤچی کے گھر کے باہر سکیورٹی بڑھا دی۔ڈاکٹر فاؤچی امیونولاجسٹ اور انفیکشس ڈیزیز ایکسپرٹ ہیں، کورونا وائرس کے سلسلے میں وہ بڑی شہرت حاصل کر چکے ہیں، جس پر انہیں سپورٹرز اور تنقید کرنے والوں دونوں کی طرف سے ناپسندیدہ پیغامات موصول ہو چکے ہیں۔ڈاکٹر فاؤچی پر ٹی وی ٹاک شوز میں بھی اس حوالے سے تنقید کی گئی ہے کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ کی اشتعال انگیز مبالغہ آرائیوں کی موقع ہی پر تصحیح کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، جس پر انہیں متعدد مرتبہ دھمکیاں ملی ہیں۔