آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں مظفر آباد سے 60 کلو میٹر دورلیسوا کے مقام پر بادل پھٹنے (کلائوڈ برسٹ) سے طوفانی بارش اور سیلاب آ جانے کے باعث تبلیغی جماعت کے 10 ارکان سمیت کم از کم 24 افراد جاں بحق ہو گئے۔ شدید بارش خوفناک گرج چمک کے ساتھ شروع ہوئی اور ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا، لینڈ سلائیڈنگ سے لیسوا بازارمکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ ایک آسمانی آفت تھی جو اچانک نمودار ہوئی اور جلد ہی اس نے تمام علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔ تاہم سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) فوج اور پولیس کی ٹیموں نے علاقے میں پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں جس سے متاثرین کو فوری ریلیف ملنے کے امکانات پیدا ہو گئے۔ علاقے کی موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت علاقے میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے تاکہ مزید نقصان سے بچنے کے ساتھ ساتھ متاثرین کی بحالی کا کام موثر انداز سیکیا جا سکے۔ جو لوگ سیلاب میں گھرے ہوئے ہیں انہیں وہاں سے نکالا جائے اور ان کے لئے کھانے پینے اور خوراک کے انتظام کو یقینی بنایا جائے۔ جو لوگ اس آسمانی آفت سے جاں بحق یا زخمی ہوئے ہیں ان سے اظہار ہمدردی کے ساتھ ساتھ ان کی مالی امداد بھی کی جائے اور میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں بھجوانے کے بروقت انتظامات کئے جائیں۔