لاہور،مظفر آباد،اسلام آبا د (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ ) وادی نیلم میں بادل پھٹنے ( کلاؤڈ برسٹ ) سے سیلاب آ گیا جس سے 23 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہوگئے ، وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیوں کی ہدایت کر دی ،آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق پاک فوج کے جوان بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لیسوا میں میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، علاقے میں مواصلاتی نظام درہم برہم، موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئیں، ریلے کی لپیٹ میں آکر 3 مساجد اور درجنوں مکانات بہہ گئے ، لینڈ سلائیڈنگ سے لیسوا بازار مکمل طور پر تباہ ہوگیا ، ڈیڑھ سو سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا، مقامی انتظامیہ اور سٹیٹ ڈیزا سسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشن سعید الرحمنٰ قریشی نے تصدیق کی ہے کہ سیلابی ریلے میں 23 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت درجنوں لاپتہ ہوگئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں تبلیغی جماعت کے 10 ارکان شامل ہیں، چار افراد کا تعلق لاہور، 5 کا فیصل آباد اور ایک کا شیخوپورہ سے ہے ، کئی گھروں پر آسمانی بجلی گری اور کلائوڈ برسٹ ہوا۔ پولیس کنٹرول روم کے مطابق 30 سے زائد گاڑیاں بھی بہہ گئیں ، فیصل آباد کے گرین ٹائون میں واقع دینی مدرسے جامع مدرسۃ الحسنین کے پانچوں طلبا ہارون، سلیمان، عفان ، عمران عزیز اورعمر ناصر چھٹیوں کے دوران تبلیغی جماعت کے ساتھ گئے تھے ۔ لیسوا میں سیاحوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اور ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیاہے اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے بے گھر ہونے والے افراد کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے ۔آئی ایس پی آرکے مطابق سول انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کیاجارہاہے ،متاثرہ علاقے میں پھنسے 52افرادکوبذریعہ ہیلی کاپٹرمحفوظ مقامات پرمنتقل کردیاگیاہے ، ڈوب جانے والوں کی تلاش جاری ہے ،متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔صدر ،وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے اموات پر پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ متاثرین کی فوری مدد کر لیں اور لاپتہ افراد کو تلاش کیلئے آپریشن شروع کریں ۔چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ،مولانا فضل الرحمن ٰاور دیگر رہنماؤ ں نے انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ دریں اثنا لاہور میں گزشتہ رو ز بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے سڑکیں،گلی محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے ۔ گزشتہ روز سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد میں بھی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور ڈویژن میں بارش کا امکان ہے ۔