مظفر آباد،اسلام آباد،چاغی،پشاور،فقیر والی(مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر، صباح نیوز، نامہ نگار) برف کا تودہ مکان پر گرنے اور مختلف ٹریفک حادثات میں 5 بچوں سمیت 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے علاقے سرگن میں رہائشی مکان برفانی تودے کی زدمیں آگیا،5بچے اورخاتون ملبے تلے دب کرجاں بحق ہوگئے ۔ تفتان قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور کار میں ہونے والے تصادم میں ایک ہی خاندان کی دو خواتین اور چاربچوں سمیت 7افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہو گئے ۔لیویز کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے تفتان قومی شاہراہ پر کردگاپ کے علاقے میں تیز رفتاری کے باعث مسافرکوچ اور کار میں ہونے والے تصادم میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے ۔پشاور کے علاقے ورسک روڈ مچنی گیٹ میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 3مسیحی بہن بھائی سلمان، نوید پسران فاروق مسیح اور پریہ دختر فاروق مسیح موقع پر ہی مارے گئے ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی،بہن بھائیوں کی میتیں گھر پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ فقیر والی کے اڈا کھراج پورہ کے قریب ٹریکٹرٹرالی نے موٹر سائیکل سوار روند ڈالے جسکے نتیجہ میں تیس سالہ سعدیہ اور ایک سالہ نور فاطمہ جاں بحق جبکہ شاہد اور عائشہ بی بی شدید زخمی ہو گئے ۔فورٹ عباس ڈاہرانوالہ روڈ پر کار اور بس میں تصادم ہو گیاجس کے نتیجے میں عثمان اور اسکی بہن عروج فاطمہ موقع پر ہی مارے گئے ۔