اسلام آباد،کراچی،لاہور،پشاور،دینہ،کوالالمپور(وقائع نگار، سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،92نیوز رپورٹ،نمائندہ 92 نیوز، جاوید الرحمان) کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث اندورن ملک بند کیا جانیوالافضائی آپریشن بحال ہوگیا ،عراق، سعودی عرب،سوڈان سے 756پاکستانی واپس پہنچ گئے ۔آپریشن بحالی کے بعد کراچی سے نجی ایئرلائن کی پرواز کورونا ایس اوپیز کیساتھ اسلام آباد پہنچی، کراچی سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 8304مخصوص ایس او پیز کے تحت 84 مسافروں کے ساتھ لاہورپہنچی ۔ٹی وی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنزنے کرایوں میں10ہزارروپے تک کااضافہ کردیا،ترجمان پی آئی اے نے زائد کرایوں کے معاملے کے حوالے سے وضاحت کر دی،ترجمان کے مطابق کراچی تا اسلام آباد کا یکطرفہ کرایہ 22 ہزار826 روپے جبکہ کراچی تا پشاور کا یکطرفہ کرایہ 22 ہزار108 روپے سے شروع ہوتا ہے ، پی آئی اے کی خصوصی پروازپی کے 710 عراق میں پھنسے 257پاکستانیوں کولیکر اسلام آباد پہنچ گئی ،راولپنڈی میں مشتبہ مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث مسافروں کو دوسرے اضلاع میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، مسافروں کو کیڈٹ کالج دینہ ، سوہاوہ اور جہلم کے قرنطینہ مراکز منتقل کردیا گیا۔سوڈان میں پھنسے 249 افراد کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس لائی ۔پی آئی اے کی خصوصی پرواز250مسافروں کو لے کر جدہ سے کراچی پہنچی ۔ یہ کورونا کی بندش کے بعد جدہ سے کراچی کیلئے پہلی پرواز تھی۔ادھر پاکستانی ہائی کمیشن ملائیشیا کی کاوشوں اور وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ملائیشیا کی فضائی کمپنی مالنڈو کی دو خصوصی چارٹرڈ پروازیں آج صبح 334 پاکستانی قیدیوں کو لے کر کوالالمپور سے لاہور ائیرپورٹ پر پہنچیں گی ،ان تمام پاکستانی محنت کشوں کو ملائیشیا میں غیرقانونی طور پر رہنے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کل (پیر) ووہان میں پھنسے 300پاکستانی طلباء کو رعایتی ٹکٹس پر خصوصی پرواز کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔