لاہور (علی ارشد سے ) سرکاری یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز اور چیئر پرسن پنجاب ایچ ای سی کی تقرری کاعمل دو ہفتے گزرنے کے باوجود حتمی مراحل میں داخل نہ ہو سکا ۔ پنجاب کی 12سرکاری جامعات اور صوبے کے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے نئے سربراہ کے تقررکیلئے اشتہار ملکی و بین الاقومی سطح پر جاری کیا گیا تھا۔ محکمہ ہا ئرا یجوکیشن پنجاب کی جانب سے صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے سربراہ کی تقرری کا اشتہار طریقہ کار میں معمولی تبدیلی کے بعد جاری کیا گیا تھا جس کے بعد 12یونیورسٹیوں اور پنجاب ایچ ای سی کے لیے امیدواروں کو درخواستیں جمع کرا نے کی حتمی تاریخ 8مارچ مقرر کی گئی تھی۔ روزنامہ 92نیوز کو محکمانہ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب ایچ ای سی کے دوسرے مستقل سربراہ اور 12یونیورسٹیو ں میں وائس چانسلروں کی تقرری کے لیے بڑی تعداد میں امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں جن کی شارٹ لسٹنگ کا کام ابھی تک جاری ہے ۔ پنجاب ہا ئر ایجوکیشن کمیشن کے لیے جمع کرائی جانے والی درخواستوں کی تعداد 100سے زائداور یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چا نسلروں کے لیے 400 ہے ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب ایچ ای سی کے چیئرپرسن کی تعیناتی کے عمل میں تاخیر کا ایک سبب سرچ کمیٹی کے سربراہ کی اندرون و بیرون ملک مصروفیات ہے تاہم محکمہ ہا ئر ایجوکیشن پنجاب چیئر پرسن کی تقرری کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ چیئر پرسن کی حیثیت سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر رؤف اعظم، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسن امیر شاہ، نامور سائنسدان ڈاکٹر اشرف، وائس چانسلر یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سا ئنسز لاہور ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، پنجاب یونیورسٹی شعبہ ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے پروفیسر ڈاکٹر عبد القیوم چودھری اور دیگر اہم ناموں نے بھی بطور امیدوار درخواستیں جمع کرائیں۔ ذرائع نے کہا کہ 12سرکاری جامعات میں سربراہان کے تقرر کے لیے دی جانے والی درخواستوں میں سب سے پہلے صرف خواتین جامعات کیلئے امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ کی جائے گی جس کے بعد انٹرویو کال لیٹرز جلد حتمی امیدواروں کو ارسال کر دیئے جا ئیں گے ۔ جامعات کے امیدواروں میں فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈمک سٹا ف ایسوسی ایشن پنجاب کے سابق صدر اور شعبہ فزکس بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد اپنی ہی یو نیورسٹی بی زید یو ملتان، یونیورسٹی آف نارووال ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر کے لیے امیدوار ہیں جبکہ موجودہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر رؤف اعظم یونیورسٹی آف گجرات، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے لیے بھی وا ئس چانسلر کے امیدوار ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی شعبہ فزکس کے سابق پروفیسر ڈاکٹر حارث رشید یونیورسٹی آف نارووال، گورنمنٹ کالج برائے خواتین یونیورسٹی سیالکوٹ کی پہلی وائس چانسلر ڈاکٹر فرحت سلیمی دوبارہ سے خواتین یونیورسٹی سیالکوٹ اور اپنی مادر علمی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے لیے امیدوار ہیں ۔ موجودہ وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج برائے خواتین یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر طلعت افزا خواتین یونیورسٹی ملتان کی سربراہ کے لیے امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہیں ۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے لیے جامعہ کے 5 امیدوار سربراہ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ دوسری جانب صو بائی وزیر ہا ئر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے روزنامہ 92نیوزسے بات کر تے ہو ئے بتایا کہ امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ کا عمل مکمل کر کے سرچ کمیٹیوں کے حوالے کر دیا گیا ۔