کوئٹہ( این این آئی؍ آن لائن) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گورنر بلوچستان امان اﷲ خان یاسین زئی سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیں کوئٹہ ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا عالمی سطح پر وزیر اعظم نے کشمیر کا مسئلہ جس طرز پر متعارف کرایا ہے ، آج عالمی دنیا اس بات پر اتفاق کررہی ہے کہ مسئلہ کشمیر تصفیہ طلب تنازع ہے ،ہندوستان نے ریاستی جبر اور دہشتگردی سے کشمیریوں کی آواز دبائی مگر وزیر اعظم بین الاقوامی فورم پر ان کا مقدمہ لڑرہے ہیں، عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں میں ہمارا ٹارگٹ ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ ہے ،بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیکر متاثرین کی معاونت اور انفرا سٹرکچر کی بحالی کیلئے امور کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان کا دل بلوچستان کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔