اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)صدر،وزیراعظم نے یوم عاشور پر قوم کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کہاہے کہ یوم عاشور یعنی دسویں محرم کو اللہ تعالیٰ نے روزِاوّل سے ہی خاص شرف بخشا ہے ، شہادت امام حسین ؓدر حقیقت حق کی فتح، ظالم و جابر کے سامنے ڈٹ جانے اور ایثار و قربانی کا استعارہ ہے ۔ صدرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن تاریخ ِانسانیت کے بہت سے اہم واقعات رونما ہوئے جیسا کہ حضرت آدمؑ کی توبہ قبول ہوئی ، حضرت نوح کی کشتی سلامتی سے جودی پہاڑ پراتری، حضرت سیدنا ابراہیم ؑپر نارِنمرود گلزار ہوئی اور دوسرے خلیفہ حضرت عمر ؓیکم محرم کو شہادت کے درجہ پر فائز ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہر سال مسلمانوں کو اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ظالم اور باطل قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے وقت آنے پر جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آئیں!آج کے دن تجدیدِعہدکریں کہ ہم اْسوہ ِحسین ؓپر عمل پیرا ہو کر ہر وہ کام کریں گے جو حق کی سربلندی ، عدل و انصاف کے فروغ، اسلامی روایات کی پاسداری اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے مفید ہوگا۔ادھروزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ کربلا کا یہ عظیم معرکہ حق و باطل یہ بات باور کراتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ و احیاء کیلئے کسی بھی قربانی کو راہ خدا میں نچھاور کردینے میں ہی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پرہمیں جموں و کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہئے جنہوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک کی مددسے کوروناوباپرکافی حدتک قابو پا لیا گیا، امیدہے عوام آج کے دن احتیاطی تدابیر پر ضرور عمل پیرا ہوں گے ۔ادھر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہآ ج ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہئے کہ اپنے انفرادی اور اجتماعی معاملات خاندانِ رسالت ؐکے نقش قدم پر چلتے ہوئے سرانجام دیں گے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے یوم عاشورپراپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا ہمیں حضرت امام حسینؓ اور ان کی ساتھیوں کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے حق اور سچ کی خاطر دیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی اور ملکی تعمیر و تر قی کیلئے خود کو وقف کر دیں۔