کراچی(نیٹ نیوز) بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار کے بیٹے اذان سمیع خان نے بھارت کے بجائے پاکستان میں رہنے اور یہاں کیریئر شروع کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان میرا گھر ہے لہذا انڈیا کے بجائے یہاں رہنے کو ترجیح دی۔اذان سمیع خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ والد کی طرح میرے پاس بھی اختیار تھا کہ میں بھارت جاکر اپنا کیریئر شروع کروں یا پاکستان میں رہوں لیکن میں نے اپنے ملک میں رہنے کو ترجیح دی۔ پاکستان میرا گھر ہے اور میری والدہ محب وطن خاتون ہیں۔اذان سمیع نے اپنے اور اپنے والد کے درمیان تعلقات کے بارے میں کہا کہ ہم دونوں کا رشتہ بہت عجیب ہے ، میں ان سے اور ان کے کام سے سیکھنے کی کوشش کرتاہوں۔اذان سمیع نے والد پر سوشل میڈیا پر بننے والی مزاحیہ پوسٹوں پر کہا کہ یہ پوسٹیں دیکھ کر بالکل بھی برا نہیں لگتا بلکہ کچھ پوسٹس تو اتنی مزاحیہ ہوتی ہیں کہ مجھے انہیں دیکھ کر بہت ہنسی آتی ہے ۔ یہ بات تو طے ہے کہ پاکستانیوں کی حس مزاح کو کوئی ہرا نہیں سکتا اور مجھے یہ پوسٹس دیکھ کر بڑا مزہ آتا ہے تاہم صرف ایک چیز بری لگتی ہے کہ لوگ یہ مزاحیہ پوسٹس بناتے ہوئے انسان کا ماضی کا کام بھول جاتے ہیں۔