ملک میں کورونا کی چھٹی لہر کے دوران 78نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور فعال کیسوں کی تعداد 4952جبکہ 83مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ادھر محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد کے 9لاکھ والدین نے اپنے بچوں کو کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا ہے۔صورتحال یہ ہے کہ کورونا کی وباء کا خاتمہ نہیں ہوا ہے اور بدلتے موسموں میں کورونا وبا ایک نئی لہر کے ساتھ اپنا آپ دکھاتی ہے۔کراچی اور حیدر آباد کے لاکھوں والدین کی جانب سے اپنے بچوں کو ویکسین لگوانے سے انکار اچھا شگون نہیں ہے۔ اس کی وجوہات کا پتہ چلانا ضروری ہے، اس سے صوبہ میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔یہ ذمہ داری بھی محکمہ صحت سندھ پر ہی عائد ہوتی ہے کہ وہ ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے والدین کو قائل کریں کہ وہ اپنے بچوں کو ویکسین لگوائیں اس کے لئے گھر گھر جا کر انہیں ویکسین لگانے کی سہولت دی جا سکتی ہے۔خاص طور پر کراچی اور حیدر آباد جیسے بڑی آبادی والے شہروں میں والدین کی طرف سے انکار کی وجہ سے کہ اس کے پھیلائو کو روکنا مشکل ہو جائے گا۔ سیلابی علاقوں میں مریضو ں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ لہٰذا محکمہ صحت سندھ کو اس سلسلہ میں خصوصی حکمت عملی اپنانا ہو گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مکمل ہونے کے ساتھ ساتھ وبا کے پھیلائو کے امکانات کا بھی انسداد کیا جا سکے۔