لاہور(92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال اسوقت تسلی بخش ہے ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے بتایا کہ پولیس رینجرز اور دیگر تمام ادارے اپنے فرائض بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔لاہور میں ایک مقام کے علاوہ جہاں پر کچھ عناصر نے سڑک بلاک کر رکھی ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر غیر تصدیق شدہ ذرائع ابلاغ سے ملنے والی اطلاعات پر کان نہ دھریں۔ میں پنجاب کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی عملداری حکومت کے فرائض میں شامل ہیں اور اسے بخوبی سر انجام دیا جارہا ہے ۔قبل ازیں انہوں نے کہا کہ رحمت للعالمینؐ سکالرشپ کے اجرا کا مقصد محروم طلبہ کو معاشی سپورٹ فراہم کرناہے ۔نبی ؐ کی تعلیمات کے مطابق مراعات یافتہ اور محروم طبقات کے درمیان معاشی تفاوت کم کرنا چاہتے ہیں۔سکالرشپ سے نادار طلبہ کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔پی آئی ٹی بی کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے سکالر شپ کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ سکالرشپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دیا جائے گا اور انڈر گریجوایٹ سکالرشپ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ سرکاری کالجز اوریونیورسٹیوں کے طلبہ کو 14ہزار انٹرمیڈیٹ سکالر شپ اور 891انڈر گریجوایٹ سکالر شپ ملیں گے ۔ 50 فیصد سکالرشپ ضرورت مند بچوں جبکہ 50فیصدمیرٹ کی بنیاد پر تمام اضلاع کے طلبہ کو دیاجائے گا۔سائنس کے طلبہ کو60فیصد اور Humanities گروپ کے طلبہ کو 40فیصد سکالر شپ شیئر ملے گا۔سکالرشپ درجہ چہارم تک سرکاری ملازمین کے طالب علم بچوں کو بھی دیا جائے گا۔ ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹرمیڈیٹ سکالرشپ کی مد میں ادا کئے جائیں گے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلینسی اتھارٹی کا33واں اجلاس منعقد ہوا۔دانش سکولوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے پر وزیراعلیٰ نے اطمینان کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوہ سلیمان میں سٹیٹ آف دی آرٹ بورڈنگ سکول بنایاجائے گا۔ہمارا ویژن معیاری تعلیم سب کے لئے ہے ۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ تاندلیانوالہ اورحاصل پور میں نئے دانش سکولوں کا آغاز جلد کیا جائے گا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے رپورٹر عرفان نذیر کے والد اور سینئر اینکر سلیم صافی کی والدہ کے انتقال پراظہارتعزیت کی۔بعدازاں انہوں نے ورلڈ ہیرٹیج ڈے پر خصوصی پیغام میں کہا کہ یاد گاری عمارتوں اور تاریخی مقامات کی مناسبت سے عالمی دن منانا خوش آئند ہے ۔تاریخی مقاما ت ا ور یادگاری عمارتیں ہمیں عہد رفتہ کی یاد دلاتی ہیں ۔