اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ بھارت پلوامہ حملے کی آڑ میں کوئی چال چل سکتا ہے ،بالآخر بھارت کی وہ سازش بے نقاب ہو گئی، مودی نے جیت کیلئے ڈرامہ رچایا،بھارت اپنے سیاسی مقاصد اور اپنے داخلی معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے پورے خطے کے امن کوتباہ کرنے پر تلا ہوا ہے ۔ وزیرخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے واضح کیا تھا کہ پلوامہ حملہ بھارت کی جانب سے ایک فالس فلیگ آپریشن ہے ، مودی سرکار نے الیکشن جیتنے کیلئے اپنے ہی 40 فوجیوں کی جان لے لی۔ان 40 فوجیوں کی ہلاکت پر بھارتی صحافی غمزدہ نہیں ہوتے بلکہ مودی کے منظور نظر اینکر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ مودی کی جیت کیلئے زبردست چال ثابت ہو گی،ہم خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں جبکہ بھارت کے ہندوتوا بدامنی چاہتے ہیں ،ہم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ، ہم چاہتے ہیں دنیا ہمارے ڈوزئیر کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے بھارت کے خلاف پیش کئے گئے ٹھوس شواہد کا جائزہ لے اور اسے ذمہ دار ٹھہرائے ۔