Common frontend top

عوام مڈٹرم الیکشن کی تیاری کریں،سلیکٹڈ حکمرانوں نے وفاق کو خطرے میں ڈال دیا: بلاول بھٹو

منگل 12 نومبر 2019ء





لاہور ،کبیروالا؍ محمد پوردیوان،جام پور(خبرنگارخصوصی ،نامہ نگاران،ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عوام مڈٹرم الیکشن کی تیاری کریں،پی پی کو دبانے کی کوششیں ملکی سلامتی سے کھلواڑ کے مترادف ہے ،سلیکٹڈ حکمرانوں کے اقدامات نے وفاق کو خطرے میں ڈال دیا،نیب کاد وہرا معیارِ انصاف ملک میں بے چینی پھیلانے کا باعث ثابت ہوا ہے ،آصف زرداری کو علاج معالجہ کی ذاتی سہولیات سے بھی محروم رکھا جارہا۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے لاہور میں پنجاب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس اور مختلف وفود کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی ٹکٹ ہولڈر ملک ناہید عبا س جٹ دھرالہ، سابق ٹکٹ ہولڈر ملک سبطین سرور آرائیں، سجاد راجہ و دیگر سے ملاقات میں کہا نیب زدہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی پیپلز پارٹی قیادت کو نیب قوانین کے ذریعے دبانے کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکیں گی۔لاہور میں پنجاب ایگزیکٹو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب کے ڈاکٹر، کلرکس، ٹیچر اور مزدور احتجاج کررہے ہیں، پنجاب میں فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں، مزدور پریشان ہیں، پیپلزپارٹی یوم تاسیس کا جلسہ کشمیر میں کرے گی۔اجلاس میں قمرزمان کائرہ، چودھری منظور احمد ، سید حسن مرتضی ،چوہدری اسلم گل ،عزیزالرحمن چن ،ملک عثمان بیرسٹر عامر حسن بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، ساہیوال کے ڈویڑنل عہدیداران سمیت پی پی پی وسطی پنجاب کی قیادت بھی موجود تھی ۔دریں اثناچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے علی حیدر گیلانی اور دیگر جیالوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے کسی ایک جیالے کو بھی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری لاہور میں مرحوم جہانگیر بدر کی برسی پر ان کے آبائی گھر پہنچے اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے نعت خوانی بھی کی ۔ بلاول بھٹو نے مرحوم جہانگیر بدر کے حق میں درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔ مرحوم جہانگیر بدر کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی مرحوم جہانگیر بدر کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں