لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے واپڈا کو گھریلو اور انڈسٹریل صارفین سے بجلی کے بلوں میں اضافی یونٹوں پر زائد رقم وصول کرنے سے روک دیااور فریقین سے جواب طلب کرلیا ۔جسٹس عائشہ اے ملک نے اے آر سٹیل ملز کی درخواست سماعت کی جس میں انڈسٹریل اور گھریلو صارفین کو اضافی یونٹوں پر رعایت نہ دینے کو چیلنج کیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے نومسلم سکھ لڑکی عائشہ کی عمر کا تعین کرنے کی درخواست پرسماعت کے دوران ریمارکس دئیے عدالت کی نظر میں سب برابر ہیں، کوئی اقلیت یا اکثریت نہیں،آئین پاکستان سب کے حقوق کا ضامن اوربالغ لڑکی کو پسندکی شادی کی اجازت دیتا ہے ،لڑکی کی بلوغت کے حوالے سے ڈاکٹرزکی رپورٹ عدالت کے سامنے موجود ہے ،یہ تاثرختم کریں کہ عدالت میں کسی کوفائدہ دیا جاتا ہے ،اگرلڑکی کے بھائی نے کوئی دھمکی دی ہے تواس پرمقدمہ درج ہوگا،عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے اورڈی پی اوننکانہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے سماعت ملتوی کردی۔ عدالت کے روبرونومسلم لڑکی نے بتایامیں اپنے والدین کے ساتھ نہیں سسرال میں اپنی مرضی سے جانا چاہتی ہوں،لڑکی کے رشتہ داروں نے موقف اختیار کیا کہ اس نے اسلام قبول نہیں کیا، اسے دھمکایا جا رہا ہے ،جگجیت کور کو ملزم حسان نے اغوا کیا،اس کیخلاف ننکانہ صاحب میں اغوا کا مقدمہ درج ہے ، ملزم نے کم عمر سکھ لڑکی کو زیادتی کی نیت سے اغوا کیا، جگجیت کور کی عمر ساڑھے 15 سال ہے ، علاقہ مجسٹریٹ عمر کا تعین کرنے کی درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کررہے ، جگجیت کور کی عمر کا تعین کرنے کے لئے میڈیکل کرانے کا حکم دیا جائے ۔