لاہور(جنرل رپورٹر،وقائع نگار،ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گنگا رام ہسپتال میں 600 بستروں پر مشتمل مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ سٹیٹ آف دی آرٹ اس ہسپتال کی تعمیر پر 7 ارب روپے لاگت آئے گی۔10 منزلہ عمارت کی تعمیر پر 4 ارب روپے جبکہ طبی آلات و مشینری کی خریداری پر 3 ارب روپے خرچ ہونگے ۔ہسپتال میں زچہ و بچہ کے علاج معالجے کیلئے جدید سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ہسپتال میں 13 آپریشن تھیٹرز بنائے جائیں گے جبکہ گراؤنڈ فلور پر ایمرجنسی کا شعبہ قائم کیا جائے گا۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے وزیراعلیٰ کو مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کی تعمیر اور اہم خدو خال کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کسی سے زمین کھود کر ہسپتال کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال کے ماڈل کی نقاب کشائی کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گنگا رام ہسپتال میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 77 برس بعد گنگا رام ہسپتال کی توسیع ہونے جا رہی ہے اور مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال 600 بستروں پر مشتمل ہوگا اور اس ہسپتال کو 2 برس میں مکمل کیا جائے گا جس کیلئے 7 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ صوبے میں شعبہ صحت میں نئے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ بہاولنگر، سیالکوٹ، میانوالی، اٹک، راجن پور، لیہ اور مظفرگڑھ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں اور ان ہسپتالوں کے ساتھ نرسنگ کالج بھی قائم کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ملتان میں نشتر ہسپتال ٹو پر کام شروع ہو چکا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اگلے ماہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اسی طرح رحیم یار خان میں شیخ زاید ہسپتال ٹو کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے اور اس منصوبے کا اگلے مالی سال آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اعلان کیا کہ لاہور میں دل کے امراض کے علاج کیلئے ایک نیا ہسپتال بنایا جائے گا۔ پبلک سیکٹر میں امراض خون سے متعلق علاج معالجے کا کوئی ادارہ موجود نہیں۔ہماری حکومت لاہور میں انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز بھی بنائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی درخواست پر سمن آباد ہسپتال کو گنگا رام ہسپتال کے ساتھ منسلک کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے اراضی فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں نالج پارک میں زمین کی نشاندہی کا جائزہ لیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ذاتی دلچسپی لے کر مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کو آگے بڑھایا جس پر ہم سب ان کے شکرگزار ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا ،بعدازاں وزیراعلیٰ نے ہائیکورٹ کے جج جسٹس فیصل زمان خان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔