اسلام آباد،لاہور،کراچی(صباح نیوز،سٹاف رپورٹر) ملک میں توانائی کابحران مزید سنگین ہوگیا،بجلی کا شارٹ فال7ہزار468میگاواٹ ہوگیا، ملک بھر میں 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، ہائی لاسز والے علاقوں میں 18گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے ۔ ذرائع پاورڈویژن نے بتایا بجلی گھروں کو ایل این جی اور فرنس آئل کی مطلوبہ فراہمی تاحال نہیں ہوسکی اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر بند پاور پلانٹس بھی بدستور بجلی کی پیداوار سے قاصر ہیں۔ نندی پور پاور پلانٹ، مظفرگڑھ اٹلس ٹی پی ایس جامشورو اور متعدد پاور پلانٹس بند ہیں۔ بجلی کی مجموعی پیداوار 18ہزار 31اور طلب 25ہزار 500میگاواٹ ہے ، بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36ہزار 16میگاواٹ ہے ۔ پن بجلی ذرائع سے 3ہزار 674میگاواٹ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے صرف 786میگاواٹ ، نجی شعبے کے بجلی گھر 9ہزار 526میگاواٹ ، ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس 487 میگاواٹ ، سولر پاور پلانٹس104 میگاواٹ، بگاس 141 اور ایٹمی بجلی گھر 3ہزار 312میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔لیسکو کی بجلی کی طلب 4450 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی،این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 3650 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی،لیسکو کا بجلی کا شارٹ فال 800 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا۔لاہورشہر کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 8 گھنٹے سے زائدبجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس سے صارفین شدید اذیت کا شکارہیں،بجلی کی بلاتعطل فراہمی نہ ہونے کے باعث تاجربرداری کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ،درزی حضرات کے لئے بھی بروقت کپڑوں کی فراہمی مشکل ہوگئی۔ کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 15 گھنٹوں تک پہنچ گیا۔