ابر ٹیکسی کی سہولت سے دنیا بھر میں کروڑوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ سمارٹ فون پر صرف چند کلکس سے گاڑی آپ تک پہنچ جاتی ہے ۔ لیکن اب یہ ٹیکسی صرف سڑک تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ 2023 ء میں ابر کمپنی نے ہوائی ٹیکسی کا نظام متعارف کرانے کا بھی عندیہ دے دیا ہے اور اِس جدید ترین نظام کا نام ’ابر ایئر‘ رکھا ہے۔ کمپنی آغازی مراحل یہ نظام دوبئی، لندن، نیویارک، پریس اور ٹوکیو جیسے گنجان آباد اور جدید شہروں میں متعارف کرائے گی۔ ابر کمپنی کو اِس پروجیکٹ پر کام کرتے ہوئے تقریباً 6 برس ہو گئے ہیں اور حال ہی میں اِس کمپنی نے ہوائی ٹیکسی کے لینڈکرنے کے لیے بنائے جانے والے ہیلی پیڈز کا تخلیقی ڈیزائن متعارف کرایا ہے۔ اِس تخلیقی ڈیزائن کی دلچسپ بات یہ ہے کہ تصویر میں دکھائی دینے والے ہیلی پیڈ زمین سے قریباً10 میٹر اوپر اُٹھے ہوں گے اور 3 ایکڑ جگہ گھیریں گے اور اِن ہیلی پیڈز میں ایسا جدید نظام نصب کیا جائے گا کہ ٹیکسی پیڈ پر لینڈ کر کے بیٹری بھی چارج کر سکے گی۔ کمپنی کے مطابق ایک مرتبہ یہ نظام متعارف کروادیا گیا تو آئندہ کئی نسلیں اِس ٹیکنالوجی سے مستفید ہوں گی اور سڑکوں کی ٹریفک سے جان چھوٹ جائے گی۔ تصویر میں دکھائے گئے ہیلی پیڈز کو دیکھ یہ معلوم ہوتا ہے کہ ابر ٹیکسی زمین سے 90 ڈگری پر پرواز کرے گی، یعنی یہ کسی جہاز کے بجائے ہیلی کاپٹر کے طرز پر اُڑا کرے گی۔