لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )ڈی جی ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر امجد محمود نے 92 نیوز کے پروگرام 92ایٹ 8 میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ہمارے ملک کے حالات باقی ممالک سے بہتر ہیں، امریکہ ، دبئی اور دیگر ممالک سے ابھی ہمارے کیسز بہت کم ہیں، چین سے جو ڈاکٹرز آئے ہیں وہ ہمیں معلومات مہیا کرینگے اور گائیڈ لائننز دینگے ، وبا سے بچنے کا واحد طریقہ اور حل گھر میں محدود رہنا ہے ، ملک میں موجود سہولیات کے پیش نظر جن لوگوں میں کورونا کی علامات ہیں صرف ان کا ٹیسٹ ہونا چاہئے ۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے ہماری عوام زندہ دل قوم ہے ،کرونا کیخلاف جنگ میں وزیر اعلیٰ کے پی کے خود فرنٹ لائن پر ہیں، اس وقت تمام سیاسی اختلافات ایک سائیڈ پر ہیں، اس وقت ایک قوم کی حیثیت سے ہم کرونا کا مقابلہ کررہے ہیں ، ہم نے لوگوں کو پانچ ارب کے ٹیکسز معاف کئے ، 19لاکھ خاندانوں کو ہم پیکیج فراہم کررہے ہیں ۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وفاق کے شانہ بشانہ کام کررہی ہے ، پنجاب میں 12کروڑ عوام ہیں، یہاں پر زائرین بھی موجود ہیں جن میں انفیکشن تھی،ہمیں ہر منٹ پر اپ ڈیٹ مل رہی ہیں، ہم نے 18ارب کا صوبائی ٹیکس ریلیف دیا ۔پنجاب حکومت اس وقت 12ہزار کے قریب ٹیسٹ کرچکی ہے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شہوانی نے کہا بلوچستان حکومت ہنگامی اقدامات کررہی ہے ، ہمارے پاس ٹیسٹنگ کیلئے ایک لیبارٹری ہے جو کوئٹہ میں ہے ، ایک موبائل لیب تفتان میں ہے ، ہمارے پاس ٹیسٹنگ کیلئے 800افراد کی کیپسٹی ہے جوایک دن میں ٹیسٹ ہوسکتے ہیں ، اب ہم مزید 11لیبارٹریز پورے بلوچستان میں قائم کررہے ہیں ، پی سی آر کیلئے مشین اور کٹس درکار ہیں جس کیلئے ہم نے وفاق کو لکھ دیا ۔ وینٹی لیٹرز، این 95 ماسک کی بھی ضرورت ہے ، کوٹہ 50 ہزار بنتا تھا ہمیں 40 ہزار ماسک فراہم کئے گئے ، 4 ہزار 5 سو کٹس کا بھی آرڈ کیا ہے ۔