لاہور،ملتان ( سپیشل رپورٹر،جنرل رپورٹر )وحدت کالونی میں پی ٹی آئی کے دفتر پر فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی ہو گئے جنہیں سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ پولیس نے موقع پر تفتیش شروع کردی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ حلقہ پی پی 160 وحدت کالونی چوک عاشق آباد کے قریب تحریک انصاف کے انتخابی دفتر میں کارکن بیٹھے تھے ، مقامی کونسلر ٹکٹ ہولڈر ندیم کے مطابق موٹرسائیکل سوار درجن کے قریب نوجوان آئے جنہوں نے تلخ کلامی کے بعد فائر کھول دیا، جس سے پی ٹی آئی کارکن علیم شاہ اور ثاقب زخمی ہو گئے ۔وحدت کالونی پولیس کو مقدمہ اندراج کیلئے درخواست دے دی گئی ہے ، تاہم تاحال کوئی پارٹی نمائندہ موقع پر نہیں پہنچا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سیاسی دفاتر گلی محلوں میں قائم ہیں جہاں ایک دوسرے سے سیاسی مخالفت کی بنا پر تلخ کلامی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں اور پولیس ان واقعات پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔ادھر ملتان کے علاقے ممتازآبادمیں پیپلز پارٹی کے دفتر پر 12 ڈنڈابردارافراد نے دھاوا بول کر انتخابی مہم کے بینرز پھاڑ ڈالے اور فرنیچر توڑ دیا۔ اطلاع پر پولیس بھی پہنچ گئی۔پیپلز پارٹی کے کارکنان نے الزام عائد کیا کہ حملہ مسلم لیگ (ن) کے غنڈوں نے کیا ۔