پشاور(خبرنگار)پشاور پولیس نے پشاور میں جاری کئے جانے والے اسلحہ کے تمام پرمٹ منسوخ کردیئے ، پولیس کے مطابق پرمٹ ہولڈرز جنہوں نے متعلقہ تھانوں میں اندراج کیا ہو یا نہ کیا ہو سب کو منسوخ کردیئے گئے ہیں ، پشاور پولیس نے تمام تھانوں کو پرمٹ ضبط کرنے کے حوالے سے مراسلہ ارسال کردیا ۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ دوران چیکنگ کوئی پرمٹ دکھائے تو ضبط کر کے بھرپور کارروائی کی جائے ، جو اسلحہ پرمٹ جاری ہوئے ان کی کوئی قانونی حیثیت باقی نہیں رہی، جاری شدہ اسلحہ پرمٹ کی بنیاد پر کوئی بھی اسلحہ لیکر نہیں گھوم سکتا، اگر کسی بھی شخص کو اپنی حفاظت کے لئے اسلحہ کی ضرورت ہے تو قانونی طور پر لائسنس بنائے ، لائسنس ہولڈرز قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کے پابند ہونگے ، لائسنس ہولڈرز اسلحہ قانون کی اندر رہ کر استعمال کرسکتا ہے ۔پولیس نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کو اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی جس شخص کے نام اسلحہ لائسنس جاری ہوگا وہ شخص اپنی حفاظت کے لئے خود اسلحہ بغیر نمائش کے لے جا سکتا ہے ، لائسنس ہولڈر اپنا اسلحہ کسی دوسرے شخص کو نہیں دے سکتا ۔