ملتان (سپیشل رپورٹر )برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالمؒ کے 705واں عرس مبارک کی3 روزہ تقریبات گزشتہ روز ملتان میں شروع ہوگئیں ، سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزار کو غسل دیکر اور پھولوں کی چادرچڑھا کرعرس کی تقریبات کاباقاعدہ افتتاح کیا ،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ،بعد ازاں مزار ِ مبارک کے احاطے میں منعقدہ’قومی شاہ رکن ِ عالم کانفرنس‘ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا معاشرہ میں امن ، رواداری اور بھائی چارہ کا فروغ موجودہ حالات کی اہم ضرورت ہے ، پاکستان کو اس وقت بہت سے اندرونی وبیرونی چیلنجز کاسامنا ہے اور عوام کو تقسیم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، تاہم پاکستانی قوم ایمان کی طاقت اوراولیاء اﷲ کے فیضان کے سبب اِن چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، سجادہ نشین درگاہ عالیہ کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے کہا کہ تصوف دین ِ اسلام کا وہ روشن پہلو ہے جس نے لاکھوں کروڑوں غیر مسلموں کو اسلام کی طرف راغب کیا ،سابق وفاقی وزیرحامد سعید کاظمی نے کہاکہ ملتان تصوف کا ہمیشہ سے بڑا مرکز رہا ہے اور حضرت شاہ رکن الدین عالم جیسی ہستیاں ملتان کی پوری دنیا میں پہچان ہیں ،کانفرنس سے دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی خطاب کیا۔