لاہور( سٹاف رپورٹر ) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عوامی فلاح وبہبود کے کام اور پانی جیسی نعمت کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے مگر بدقسمتی سے حکمران عوام کی فلاح وبہبود کی بجائے سیاسی اور انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کررہے ہیں۔ مخیر حضرات اور ادارے اپنی مدد آپ کے تحت عوام کی خدمت کررہے ہیں جو خوش آئند بات ہے ۔خوش قسمت لوگ ہیں جو مستحق لوگوں کی خدمت کررہے ہیں۔یہ باتیں انہوں نے راوی روڈ مرکز سے ملحقہ آبادیوں کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر میاں شعیب، زیشان منصور، حافظ بابر فاروق رحیمی، ڈاکٹر عبدالغفور راشد،حافظ یونس آزاد، مولانا نعیم بٹ اور حافظ فیصل افضل شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ اس وقت پوری دنیا پانی کے مسائل سے دو چار ہے ، لوگ پانی کے لئے میلوں کا سفر کر رہے ہیں اور لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، گھنٹوں کے بعد جب نمبر آتا ہے تو بقدر ضرورت بھی پانی نہیں ملتا، زمینوں میں لگے ہوئے نل اور ٹیوب ویل فیل ہو رہے ہیں، ندیاں اور نہریں خشک ہوتی جارہی ہیں اور ہر علاقے میں پانی کی سطح روز بروز گھٹتی جارہی ہے۔