کراچی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے آئی بی ایس ایف انڈر 21 جونیئر ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔شیخ محمد مدثر نے نیوزی لینڈ کے مارک موٹ کو 3-0 اور مصری کیوئسٹ سیف نور الدین کو 3-2 سے شکست دے کر راؤنڈ 32 میں رسائی یقینی بنائی، علی حیدر نے ہانگ کانگ کے رینگی ریان لی کو 3-1سے ہرا کر اگلے مرحلے میں پیش قدمی کی ۔پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے ترجمان نوید کپاڈیہ کے مطابق کنگڈاؤ چین میں جاری آئی بی ایس ایف انڈر 21 جونیئر ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے چوتھے دن پاکستان کے شیخ محمد مدثر نے نیوزی لینڈ کے مارکوس موٹ کو 3-0 سے آؤٹ کلاس کر دیا۔ قومی کیوئسٹ کی جیت کا اسکور ان کے حق میں 71-27(52)، 72-24اور 73-25 رہا ۔علی حیدر نے ہانگ کانگ کے رینگی ریان لی کو 3-1سے قابو کرلیا ۔ علی حیدر کی جیت کا اسکور ان کے حق میں 45-69(54)، 72-20، 89-7(61)اور 67-32 رہا ۔پاکستان کے شیخ محمد مدثر نے سخت جدوجہد کے بعد مصر کے سیف نور الدین کو 3-2 سے ہرایا ۔شیخ مدثر کی جیت کا اسکور ان کے حق میں 90-26(62)، 67-32، 12-54، 42-85اور 74-49 رہا۔ دونوں پاکستانی کیوئسٹ نے لاسٹ 32راؤنڈ میں کوالیفائی کرلیا ہے ۔آئی بی ایس ایف انڈر 21 جونیئر ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں 16 ممالک کے 58 کھلاڑیوں کو 12گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ آج صبح 10 بجے لاسٹ 32راؤنڈ کے مقابلے ہوں گے جہاں شیخ محمد مدثر کا مقابلہ چین کے ڈینگ ہاؤہوئی سے ہوگا جبکہ علی حیدر کو تھائی لینڈ کے نارونگ دت ٹاکان ٹونگ کا چیلنج درپیش ہوگا ۔کل لاسٹ 16 راؤنڈ کے مقابلے شام 4بجے اور کوارٹر فائنل 7بجے شب کھیلے جائیں گے ۔ہفتہ کو صبح 10 بجے سیمی فائنلز اور اسی روز دن دو بجے فائنل کھیلا جائے گا ۔