پشاور (نیوز رپورٹر،نیٹ نیوز)پی ٹی آئی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الٰہی کے بھتیجے کی منگنی کی تقریب میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سماجی رابطے کے حکومتی اعلانات کی دھجیاں بکھیر دی گئیں۔ایم پی اے فضل الہی کے بھتیجے کی منگنی کی تقریب میں مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔فضل الہی کے بھتیجے کی منگنی کی تقریب میں شریک لوگوں نے سماجی فاصلے کا خیال رکھا اور نہ ہی ماسک استعمال کئے ۔ ایم پی اے فضل الٰہی نے بتایا منگنی کی تقریب مجبوری میں منعقد کی گئی، 30 سے 40 افراد نے تقریب میں شرکت کی۔انہوں نے بتایا پختون روایات ہیں، منگنی کیلئے زبان دے چکے تھے ، رشتہ پکا نہ کرتے تو ہمارے خاندانوں میں تعلقات خراب ہوجاتے ۔ دریں اثنا پشاور کے دوسرکاری سکولوں میں ہیڈ ماسٹرز کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنے اور سکولوں میں طلباء کو جمع کرنے پر معطل کر دیا گیا ۔ گزشتہ روز گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر تین ہزار خوانی اور گورنمنٹ پرائمری سکول گڑھی قمر دین میں سکولوں کے اندر اور باہر طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی تاہم سکول ہیڈ ماسٹرز کی جانب سے کسی بھی قسم کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہیں کیا گیا جس پر دو ہیڈما سٹر ز کو فوری معطل کر کے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔