فیصل آباد(خصوصی رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صو بائی وزیر قانون را نا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف لندن میں علاج کی غرض سے رکے ہوئے ہیں ان کو صحت یابی کے بعد واپسی کیلئے کسی کی مشاورت کی ضرورت نہیں ۔مسلم لیگ ن کی طرف سے کریسنٹ گرائونڈ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے لاہور جلسے میں رکاوٹیں کھڑی کیں تو ملتان جلسے کی طرز پر جلسہ پھیل جائے گا اور جگہ جگہ جلسے ہونگے ، 8 دسمبر کو پی ڈی ایم قیادت کا اجلاس ہے جس میں فیصلہ کیا جائے گاکہ شہر شہر احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں، لانگ مارچ کیا جائے یا پھر استعفے دیئے جائیں تاہم جو بھی فیصلہ ہوگا 13 دسمبر کو اس کا اعلان ہوگا۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اقتدار کی تحریک نہیں ،ورکرز کے جذبہ سے ملکی سیاست کو نیا رخ دینا ہے ، آج ہر آدمی مہنگائی سے تنگ ہے ہمارا اختلاف صرف آئین توڑنے والوں سے ہے ، جیل جانے کی باری آئی تو نواز شریف ، شہباز شریف اور مریم نواز جیل گئے ،لاہور میں تاریخ ساز جلسہ ہو گا۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنر ل سیکر ٹری احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا قافلہ چل پڑا ہے ، یہ قافلہ اپنی منزل پر پہنچ کر ہی دم لے گا،13 دسمبر کو سلیکٹ حکومت کا خاتمہ ہوگا ،اس حکومت کو اب جانا ہے اور مسلم لیگ ن نے دوبارہ آنا ہے ،جلسہ سے دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔