لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے رپورٹر سے )صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز دن کے وقت موسم گرم اور حبس کی شدت برقرار رہی تاہم شام کے وقت مختلف مقامات پر تیز بارش کے بعد ہوائیں چلنے پر موسم خوشگوار ہو گیا ۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق گزشتہ روز شمال مشرقی پنجاب ،کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ عید کے دوسرے روز شہر میں 71 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔ سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 71 ملی میٹر تک ریکارڈ ہوئی، لکشمی چوک 69 ، شاہدرہ 65 ، اندرون شہر 63 ، ائیر پورٹ 50 ، گلبرگ میں35 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ فاروق گنج انڈرپاس میں بارشی پانی کی نکاسی میں غفلت برتنے پر ایس ڈی او داتا نگر سید خان اور سب انجینئر عبدالرحمٰن کو معطل کر دیا گیا ۔ایکسین راوی ٹاون II حافظ راحیل اشرف کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔ کراچی،نوکوٹ(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں جمعہ اورہفتے کوموسلادھاربارش کاامکان ہے ،جس کے باعث اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے ۔کراچی میں 7، 8 اگست کوپہلے سے زیادہ بارشیں برسنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے خبردارکیا کہ آئندہ چند دنوں میں کراچی میں بارشوں کے بعدبدترین صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایاگیا کہ رن آف کچھ اورخلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کاسسٹم یکجا ہوکر6 اگست کو سندھ میں داخل ہوگا اوربارش کے ساتھ سیلابی صورتحال پیداہوسکتی ہے ۔ مغربی اور مشرقی ہوائوں کے ملاپ کی وجہ سے مغربی سندھ خصوصاًً کاچھو میں کہیں کہیں 100-200 ملی میٹر بارش ہونے کے امکانات ہین جس کے سبب سیلاب کا بھی خدشہ ہے ۔ ادھر کراچی کی مقامی کورکوپاک فوج کی طرف سے کراچی میں صفائی کے احکامات مل گئے ،کراچی میں پیرکے دن سے نالوں کی بڑے پیمانے پر صفائی کا کام شروع کردیاگیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے مطابق گجرنالے پراین ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کی ٹیموں نے کچرا نکالنے کے کام کا آغازکر دیا تاکہ برسات میں کم سے کم نقصان ہو۔