لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور میں کورونا وائرس کے حوالے سے جعلی ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ڈی ڈی ایچ اوز نے کارکردگی بہتر دکھانے کیلئے مبینہ طور پر کورونا ڈیش بورڈ پر جعلی ڈیٹا اپ لوڈ کیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے 8 ٹائونز کی ٹیموں کی جانب سے کورونا کے حوالے سے جعلی ڈیٹا اپ لوڈ کیا گیا جس میں راوی ٹائون،کینٹ ، علامہ اقبال ٹائون،گلبرگ، عزیز بھٹی ،نشتر، شالامار اور واہگہ ٹائون شامل ہیں ۔ان ٹائونز کے ٹیموں نے کارکردگی بہتر دکھانے کیلئے 23 سے 31 اگست کے درمیان جعلی ڈیٹا اپ لوڈ کیا۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے معاملے کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیصل کو معطل کر کے ان کیخلاف بھی انکوائری ہو گی۔ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر عاقب نذیر کو تحقیقاتی افسر مقرر کرتے ہوئے 7 دنوں میں جعلی ڈیٹا اپ لوڈ کرنے والوں کا تعین کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔